لڑنا جھگڑنا اچھی بات نہیں

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ جنگل میں دو شیر رہتے تھے۔ ایک اچھا اور ایک لالچی۔۔۔لالچی شیر نے سوچا کہ اگر میں اچھے والے کو اپنے ساتھ ملالوں تو میں پورے جنگل پر راج کر سکتا ہوں۔ یوں وہ کچھ دن سوچ و بچار کے بعد اس کے پاس چلا آیا اور جاتے ہی اچھے شیر سے بولا، ’’ تو تم ہو اس جنگل کے راجہ!‘‘اچھے شیر نے کہا،’’میں یہاں کا راجا نہیں بلکہ ان سب کا ساتھی ہوں۔‘‘

لالچی شیر بولا، ’’اوہ تو تمہیں اس جنگل کا راجہ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ چلوٹھیک ہے،آج سے اس جنگل کا بادشاہ میں ہوں۔ اس نے دھاؑڑ کر غرا کر پورا جنگل اکٹھا کر لیا اور کڑک آواز میں بولا ’’آج سے میں تم سب کا راجہ ہوں، اس جنگل کے اکلوتے شیر نے جنگل پر حکومت کرنے سے انکار کر دیا ہے،اس لیے اب سے میں تمہارا راجہ ہوں گا اور تم سب میرے حکم کو مانو گے۔‘‘

جنگل کے جانور ایک نئے شیر کو اپنے جنگل میں دلیری سے کھڑا دیکھ کر سب پریشان تھےاور انہیں اس بات پر بھی حیرانی تھی کہ آخران کا نیک دل دوست شیرکوئی جواب کیوں نہیں دے رہا۔ جنگل کے بوڑھے ہاتھی نے آ کر بات شروع کی اور لالچی شیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔ ’’آپ ہمارے جنگل پر قبضہ نہیں کر سکتے، ہم سب یہاں امن و سکون سے زندگی گزار رہے ہیں، ہمیں کسی راجا کی ضرورت نہیں۔ اگر آپ یہاں سے نہیں گئے تو ہم سب مل کر آپ سے لڑائی کرنا شروع کردیں گے۔‘‘

لالچی شیر قہقہہ لگا  کر ہنس پڑا اور بولا، ’’جس نے بھی مجھ سے لڑنا ہو سامنے آجائے میں کسی سے نہیں ڈرتا۔‘‘ ہاتھی نے جب دیکھا کہ کوئی مقابلہ کرنے کے لیے آگے نہیں بڑھ رہا تو وہ خود ہی آگے بڑھااور بولا میں تم سے مقابلہ کروں گا اور اپنی جنگل کی حفاظت کروں گا۔ مجھے لڑنا پسند نہیں لیکن اگر کوئی میرے دوستوں اور میرے جنگل کو نقصان پہنچانا چاہے تو میں اس سے لڑنے کے لیے تیار ہوں۔ ہاتھی کو دیکھ کر نیک دل شیر کے دل میں بھی جذبہ پیدا ہوا اور وہ ہاتھی کے سامنے آکر کھڑا ہو گیا اور بولا۔ ’’میرے جنگل پر قبضہ کرنے کے لیے تمہیں سب سے پہلے مجھ سے لڑنا ہوگا۔‘‘ یوں لڑائی شروع ہو گئی۔ اتنے سال پُرامن انداز میں زندگی گزارنے کی وجہ سے نیک دل شیر، لڑائی میں اتنا اچھا نہیں تھا۔ جلد ہی وہ لڑتے لڑتے بے ہوش ہوگیا۔  اپ سب جانوروں کو بہت غصہ آیا سب مل کر لالچی شیر پر چڑھ دوڑے، آخر لالچی شیر کو وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچانا پڑی۔ اس کے بعد سب خوشی خوشی رہنے لگے۔ دوستوں اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کیوں تو لڑنا جھگڑنا اچھی بات نہیں لیکن مشکل کے وقت مقابلہ کرنا ہی بہادری ہے!