وہ غذائیں جنہیں کھا کر آپ کی عید خراب ہو سکتی ہے

رمضان کا مبارک مہینہ اختتام پذیر ہوا۔ پورے ماہ روزے رکھنے کے بعد عید پر مزے مزے کے پکوان بنائے جاتے ہیں اور اہل خانہ و عزیز و اقارب کی تواضع کی جاتی ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں کھا کر آپ کی عید خراب ہوسکتی ہے اور آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا پڑ سکتا ہے، لہٰذا ایسی غذاؤں سے پرہیز کرنا ہی بہتر ہے۔

آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی غذائیں ہیں۔

تلا ہوا گوشت

عید کوئی بھی ہو گوشت کے بغیر ادھوری ہے۔ عید پر گوشت سے مختلف اقسام کی مزیدار ڈشز تیار کی جاتی ہیں جن میں سے ایک تلا ہوا گوشت بھی ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں تلا ہوا گوشت صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔

درست طریقے سے نہ پکانے پر اس میں جراثیم باقی رہ سکتے ہیں جو آپ کو خطرناک بیماریوں اور مختلف انفیکشنز میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

اس کی جگہ آپ گوشت کو اچھی طرح پکا کر، گرل یا بیک کر کے کھا سکتے ہیں۔

کیک

عید پر عزیز و اقارب کے گھر جاتے ہوئے میٹھے کے طور پر لے جانے کے لیے کیک سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ عید الفطر کو ویسے بھی میٹھی عید کہا جاتا ہے چنانچہ ایسے موقع پر کریم کیکس کا استعمال بہت بڑھ جاتا ہے۔ تاہم اس میں موجود مٹھاس آپ کے وزن میں اضافہ کرسکتی ہے اور آپ کو شوگر میں بھی مبتلا کرسکتی ہے۔

اس میٹھی عید پر کیک کی جگہ سویاں اور شیر خرمہ کھا کر عید کی مٹھاس میں اور بھی اضافہ کریں۔

جنک فوڈ

جنک فوڈ کھانا ہماری عام عادت بن گیا ہے۔ لیکن چونکہ عید پر آپ کے گھر میں آپ کی پسندیدہ نہایت مزیدار ڈش تیار ہوگی تو عید پر جنک فوڈ کھانے کے بجائے گھر کا بنا ہوا صحت مند کھانا کھانے کو ترجیح دیں۔

کولڈ ڈرنکس

عید پر مرغن کھانوں کے ساتھ کولڈ ڈرنکس بھی ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ آپ کا کھانا ہضم تو کردیتی ہیں تاہم ان میں موجود مضر صحت اجزاء آپ کے جسم کو خطرناک نقصانات پہنچا سکتے ہیں۔

دن کے آغاز پر ایک جگ لیموں کا شربت بنا کر رکھ لیجیئے، اور جب بھی کچھ پینے کی خواہش ہو تو اس شربت کو نوش کریں۔

لیموں کا شربت مرغن غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دے گا اور آپ سینے کی جلن سے بھی محفوظ رہیں گے۔

احتیاط سے کھائیں

یہ ناممکن ہے کہ آپ کسی کے گھر دعوت پر جائیں یا کوئی آپ کے گھر دعوت پر آئے اور آپ اس کے ساتھ کھانا نہ کھائیں۔ عید کے دنوں میں کھانے کو بالکل تو نہیں چھوڑا جاسکتا البتہ مقدار ضرور کم کی جاسکتی ہے۔ ان دنوں میں اپنی بھوک کو کچھ چھوڑتے ہوئے عید کے پکوان سے لطف اندوز ہوں۔

پانی کا استعمال بڑھا دیں

عید کے چٹ پٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے پانی کی کمی ہرگز نہ ہونے دیں اور موسم کی مناسبت سے پانی کا استعمال بڑھا دیں۔

سلاد ۔ لازمی جز

اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

پھلوں کا استعمال

دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا رکھا جاسکتا ہے۔ دعوتوں کے درمیانی وقفوں میں پانی والے پھل جیسے تربوز کا بکثرت استعمال کریں۔

دال اور سبزی کو مت بھولیں

عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے اور گوشت کی ڈشز کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔

دہی بہترین شے

عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

چہل قدمی کریں

دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔