سادہ سا ڈائٹ پلان!

یہ صحت و توانائی کا خزانہ ہوسکتا ہے ۔۔۔

شاید آب یقین نہ کریں ہم آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کھا پی کر بھی وزن کم کیا جا سکتا ہے۔ جی ہاں وزن کم کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آپ بھوک ہڑتال کریں اور نت نئی ترکیبوں پر عمل کریں۔ سب سے پہلے تو آپ یہ کریں کہ صحیح مقدار میں پانی پیئیں یعنی مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں۔ ایسی سبزیاں جن میں پانی کا تناسب زیادہ ہو خوراک کا حصہ بنالیں۔ لوکی، میٹھا کدو، کھیرا، گوبھی، ٹماٹر اور لیموں، ان تمام سبزیوں میں پانی کی مقدار پائی جاتی ہے، ان میں حرارے انتہائی کم ہوتے ہیں۔ اسی لئے یہ وزن کم کرنے میں معاون ہوتی ہیں۔ اسی طرح پھلوں میں نارنگی، ناشپاتی اور سیب بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

گوشت پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے مگر چونکہ آپ کو وزن کم کرنا ہے تو فی الحال اس کے استعمال میں احتیاط کرنا ہوگی۔ آپ پروٹین حاصل کرنے کے لیے دالوں سے مدد لیں، دالوں میں پروٹین کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ روٹی کے لئے باجرے کا آٹا استعمال کریں یہ آپ کو تا دیر کھانے کی طلب سے بچائے گا۔ مندرجہ ذیل چھوٹے سے ڈائٹ پلان پر عمل کرکے بھی آپ اپنے مطلوبہ وزن تک پہنچ سکتے ہیں۔

صبح: اپنی صبح کا آغاز ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس شامل کرکے پیتے ہوئے کریں، ساتھ ہی ایک پسندیدہ پھل بھی کھا لیں۔

تین گھنٹے بعد: کسی بھی کسم کا دلیہ اس وقت کھانے کے لیئے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں۔

دوپہر کا کھانا: پھل یا سبزی کی سلاد کھائیں (پانی کے زیادہ تناسب والی سبزیاں)، ایک گلاس جوس اور ایک باجرے کی روٹی بھی کھائی جا سکتی ہے۔

تین سے چار گھنٹے بعد: کوئی بھی پھل کھائیے، چاہیں تو جوس کا آدھا گلاس بھی پی سکتے ہیں۔

شام:  مکس سلاد بنائیں یعنی سبزیاں اور پھل ملا کر چاٹ مصالحہ یا نمک، کالی مرچ اور شہد ڈال کر کھائیں۔

رات کا کھانا: ایک پیالی دال، ایک باجرے کی روٹی، سبزی یا مچھلی کا ایک قتلہ اور ایک پیالی براؤن رائس۔

 

اس ڈائٹ پلان میں پانی کی مقدار بڑھا دینی ہے۔ صرف پانی پیتے رہنا ذرا مشکل لگتا ہوں تو فریش جوس، ہربل ٹی جیسے سبز چائے لیموں کے ساتھ، دارچینی، پودینے، ادرک کی چائے یا سادہ قہوہ بھی پیا جا سکتا ہے۔ پانی کی اضافی مقدار پینے سے پیشاب کی حاجت بڑھ جاتی ہے تاہم یہ جسم کے لئے اچھا ہے کیونکہ اس طرح بہت سے زہریلے مادے جسم سے خارج ہوتے ہیں۔

یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ ڈائٹ پلان میں سبزیاں کھانے کا مطلب صرف کچھ سبزیوں پر ہی اکتفا نہیں بلکہ آپ سبزیوں کو مختلف ذائقوں میں پکا کر بھی کھائیں۔ بھاپ میں پکی سبزی اور ابلی ہوئی سبزیوں کو کالے چنوں اور لال لوبیا کے ساتھ ملا کر کھایا جاسکتا ہے۔