قدرتی طریقے سے رنگت نکھاریں اور چہرے کا روکھا پن ختم کریں

آپ اپنی جلد کو خوبصورت بنانے، رنگت نکھارنے اور روکھا پن ختم کرنے پر بہت توجہ دیتے ہیں اور اس کے لئے مختلف کریموں کا استعمال کرتے ہیں۔ بعض اوقات یہ فائدہ بھی دیتی ہیں لیکن کبھی ان کا نقصان زیادہ ہوتا ہے۔ یوں تو رنگت نکھارنے اور روکھا پن ختم کرنے کے لیئے کئی نسخے ہیں مگر ہم آپ کو دو نہایت ہی آسان نسخے بتاتے ہیں۔

کھیر۱ چہرے کا روکھا پن ختم کرے

کھیرے کے باریک قتلے کاٹ کر چہرے پر رکھیں۔ کھیرے کا باقاعدہ استعمال جلد کو بیرونی سطح کی خشکی سے محفوظ رکھتا ہے۔ جسم میں پانی کی کمی سب سے پہلے جلد کے روکھے پن سے ظاہر ہوتی ہے۔ اگر چہرہ بہت روکھا بے رونق اور رنگت بھی پھیکی محسوس ہو تو بھی کھیرا ہی کام میں لائیں۔ کھیرے کو کدوکش کر کے نصف پیالی ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں، جب پانی کی رنگت ہلکی سبزی مائل ہو تو پھر اس پانی سے چہرہ دھوئیں۔ کدوکش کر کے کھیرے کو جلد پر ملیں، اس نسخے سے آپ نرم و نازک جلد کی مالک بن سکتی ہیں۔

آڑو سے چہرے کی رنگت نکھاریں

آڑو کی خوشبو، رنگت اور ذائقہ ہی اتنا منفرد ہے کہ اسے دیکھتے ہی آپ کا دل کھانے کو چاہے گا۔ جلد کی کھردری سطح کو ہموار کرنے کے لیے آڑو بے مثال ہے۔ آڑو کا ایک چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر روزانہ رات کو چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے رگڑیں۔ اس کا عرق گھنٹہ بھر تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ آڑو کے پُرتاثیر اجزا وٹامنز جلد میں جذب ہو کر چہرے کی رنگت نکھار دیں گے۔