ناخنوں کی حفاظت اور دلکشی

ناخن ہمارے ہاتھوں کا ایک انتہائی اہم حصہ ہیں۔ یہ انگلیوں کی نازک پوروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کی دلکشی میں اضافے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ تاہم ان کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے وقتاً فوقتاً انہیں تھوڑا بہت وقت دیتے رہنا چاہئے۔ وٹامن b-2 اور فولاد ناخنوں کی صحت اور خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے ازحد ضروری ہیں اور یہ دونوں اجزاء ہرے پتوں والی سبزیوں میں بکثرت پائے جاتے ہیں۔ اس لئے خوراک میں ان دونوں اجزاء پر مشتمل غذائیں ضرور شامل کریں۔

کیلشیم کی کمی سے ناخنوں پر سفید دھبے پڑ جاتے ہیں جو ان کی دلکشی کو ماند کر دیتے ہیں، اس لئے کیلشیم کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ہر روز کم از کم ایک گلاس دودھ ضرور پیئیں اور انڈے بھی کھائیں۔

ناخن ہر ہفتے تقریباً ایک ملی میٹر کی رفتار سے بڑھتے ہیں۔ خوراک پر توجہ دینے کے علاوہ جب کبھی تھوڑا فارغ وقت ملے تو لہسن کے چند جوئے لے کر انہیں چھیل لیں اور آہستہ آہستہ ناخنوں پر ملتی رہیں۔ یہ عمل تقریباً 20 منٹ تک جاری رکھیں۔ کچھ ہی روز میں آپ کے ناخنوں کی مضبوطی اور دلکشی میں واضح فرق دکھائی دینے لگے گا۔

ہفتے میں کم از کم ایک بار ناخنوں کی بھرپور صفائی کریں اور اس کے بعد کسی اچھی کریم یالوشن کے ساتھ ہاتھوں کی مالش کریں۔ اس دوران ناخنوں پر بھی نرم ہاتھ کے ساتھ ہلکا ہلکا مساج کریں، بہت جلد ناخنوں کی دلکشی میں اضافہ ہونے لگے گا۔

٭ ناخنوں کا روکھا پن اور ٹوٹنا متوازن خوراک کی کمی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ خوراک میں وٹامنز کا استعمال اور ان کی مناسب دیکھ بھال انہیں جاندار اور مضبوط بناسکتی ہے۔

٭ وٹامن سی کے استعمال سے ناخن مضبوط ہوتے ہیں۔

٭ ایک گلاس پانی میں ایک عدد لیموں کا رس نچوڑ کر پی لیں‘ اس سے بھی ناخن مضبوط ہوتے ہیں۔

٭ 50 گرام پسی ہوئی پھٹکری، پانچ عدد لیموں کا رس ملا کر رکھ لیں اور پھر روئی سے ناخن پر لگائیں۔ ناخن ٹوٹنا بند ہوجائیں گے۔

٭ ناخنوں کو لمبا کرنے کیلئے لہسن کا پانی 10گرام، 20گرام روغن زیتون ملا کر اس میں پانچ منٹ تک ناخن ڈبوئیں۔ ناخن مضبوط اور بڑھنا شروع ہوجائیں گے۔

٭ پچاس گرام پسی ہوئی مہندی میں 10 گرام مکھن ملا کر کِریم بنائیں اور رات کو پندرہ بیس منٹ کیلئے ناخنوں پر لگائیں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔