بالوں کو گھنے لمبے چمکدار اور خشکی سے پاک کریں

مرد ہوں یا خواتین آج کل سب ہی کو بال گرنے اور خشکی کا مسئلہ درپیش ہے۔ خواتین کی بات کی جائے تو انہیں اکثر یہ شکایت ہوتی ہے کہ ان کے بال لمبے نہیں ہوتے۔ مگر لمبے بال ایک رات میں حاصل نہیں ہوتے اسکو حاصل کرنے کے لیے محنت کرنی پڑتی ہے، بس آپکو کچھ بنیادی طریقے معلوم ہونے چاہیے جس پر عمل کرکے آپ خوبصورت لمبے اور گھنے بال پانے کا خواب پورا کرسکتی ہیں۔

ذیل میں آپ کیلئے ایسے ہی چند آزمودہ گھریلو نسخے پیش کیے جا رہے ہیں، جس پر عمل کرکے نہ صرف آپ اپنے بالوں کو خشکی جیسے مسئلے سے پاک کرسکیں گی، بلکہ بالوں کو لمبا اور گھنا بھی بنا سکیں گی۔

تیل کا استعمال

تیل کا استعمال بھی بال لمبے اور گھنے کرنے میں مدد کرتا ہے. شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل کا استعمال ضروری ہے. بادام کا تیل، زیتون کا تیل، کھوپرے کا تیل اور سرسوں کا تیل بہترین تیل ہیں جو بالوں کی نشونما میں مدد کرتے ہیں. تیل کو بالوں میں اچھی طرح جذب کرنے کے دو آسان طریقے ہیں۔

پہلا یہ ہے کہ تیل کو نیم گرم کرکے رات کو سونے سے پہلے لگا لیا جائے اور صبح اٹھ کر شیمپو کرلیا جائے۔

دوسرا یہ کہ شیمپو سے دو گھنٹے پہلے تیل لگا کر سر کو نیم گرم پانی میں ہلکے بھیگے تولیے سے لپیٹ لیا جائے. اس سے بالوں کے مسامات کھل جائیں گے اور تیل جلد میں جذب ہوجائےگا۔

 پیاز کا رس

پیاز کا رس بالوں کو لمبا کرنے کیلئے انتہائی مفید ہے۔ درمیانے سائز کی پیاز، کوشش کریں کہ گلابی رنگ کی ہو، اسے کدوکش کرکے اس میں ایک چمچہ شہد اور ایک چمچہ کیسٹر آئل ملا لیں۔

ان اجزا کو اچھی طرح ملائیں اور تھوڑا تھوڑا کرکے بالوں کے اندر جڑوں تک لگائیں۔ تقریبا ایک گھنٹے کے لیے بالوں کو ان اجزا کے ساتھ ایسے ہی چھوڑ دیں۔ اس کے بعد بالوں کو کسی اچھے شیمپو سےدھولیں۔ روزانہ اس آسان عمل کو کرنے سے بال لمبے ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ پیاز نہ صرف سر کی خشکی دور کرتی ہے بلکہ اپنے اینٹی آکسیڈنٹ خواص کی بدولت یہ سر کی سطح کا کھردرا پن دور کرکے خون کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

شہد کا مساج

شہد کو کسی چھوٹے برتن میں ڈال کر اس میں لیموں کے رس کو مکس کر لیں۔ اس مکسچر کو بالوں کی جڑوں میں انگلیوں کی مدد سے اچھی طرح 10 منٹ تک مساج کریں۔ مساج کے بعد سر کو ایسے ہی 30 منٹ تک چھوڑ دیں۔ اس کے بعد سر کو ٹھنڈے پانی کے ساتھ دھولیں۔ اس مکسچر کو ہفتے مین دو دن استعمال کرنے سے کچھ ہی دنوں میں آپ کے بال جھڑنا بند ہو جائیں گے۔

ملتانی مٹی

ملتانی مٹی کو کسی برتن میں ڈال کر اس میں دہی شامل کریں۔ اب اس میں آہستہ آہستہ پانی ڈالیں اور ساتھ ساتھ ہلائیں۔ یہ عمل تب تک کریں جب تک یہ پتلا سا پیسٹ نہیں بن جاتا ہے۔ اب اسے ہاتھوں کی انگلیوں یا برش کی مدد سے سر میں شیمپو کی طرح لگائیں اور اسے پانچ سے دس منٹ تک لگا رہنے دیں۔ اس کے بعد سر کو دھولیں۔ اس کو ہفتے میں دوبار استعمال کرنے سے آپ کے بال گرنا بند جائیں گے اور  گھنے، نرم اور چمکدار ہونگے۔

واضح رہے ہر دفعہ نیا پیسٹ بنائیں، پرانے پیسٹ کو استعمال نہ کریں۔

بالوں کا مساج کرنا

ماہرین کے مطابق بالوں کو مساج کرنے سے سر کے خون کی روانگی میں اضافہ ہوتا ہے، مساج کرنے سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں، مساج کا طریقہ کار یہ ہے کہ انگلیوں کی مدد سے تین سے پانچ منٹ تک مساج کیا جائے۔

بالوں کو تراشنا

بالوں کیلئے بازار میں دستیاب شیمپو دیکھ بھال کر استعمال کریں۔ بالوں کو غیر معیاری رنگوں سے رنگنے میں احیتاط کریں۔ بالوں کو جلدی لمبے کرنے اور صحت مند بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بالوں کی باقاعدگی سے قلم سازی کی جائے یعنی بالوں کو آدھے سے ایک انچ تک ترشوایا جائے، اس سے بالوں کی پیداوار تیزی آتی ہے ۔

صحت مند غذا کا استعمال

اپنی غذا میں پروٹین کی مقدار بڑھائیں، کاپر، زنک، میگنیشیم وغیرہ پر مشتمل غذا کا استعمال کریں۔ وٹامن اے، بی، سی کا استعمال بھی بالوں کو غذائیت بخشتا ہے۔ مچھلی، شملہ مرچ، پالک، بند گوبھی، چکی کا آٹا، دہی، انڈے، چکن، یہ سب غذائیں ان معدنیات سے مالامال ہیں۔

شیمپو اور کنڈیشنر کا کم استعمال

اکثر لوگ روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھوتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ سر میں روزانہ مٹی اور گندگی آجاتی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھونا ایک اچھا عمل نہیں اور یہ کہ شیمپو کا استعمال کم از کم دو دن کے وقفے سے کرنا چاہیے۔

شیمپو میں موجود سلفیٹ اور دیگر کیمیکل بالوں کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے وہ روکھے، بے جان اور باریک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ آپ شیمپو کا استعمال کم سے کم کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ صرف پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں کیونکہ اس طرح بال نرم اور خشکی سے پاک ہو جائیں گے جبکہ بالوں میں موجود مٹی بھی صاف ہو جائے گی۔